News Details

30/12/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کو درپیش مسائل کا جائزہ اجلاس

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت جمعہ کے روز ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی طرف سے ہسپتال کو درپیش فوری نوعیت کے مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور اور سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم علاوہ چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایوب ٹیچنگ ہسپتال مشتاق جدون، بورڈ آف گورنرز کے دیگر ممبران، ہاسپٹل ڈائریکٹر ایوب ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر اطہر لودھی اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلابی پانی ہسپتال میں داخل ہونے سے ہسپتال کی عمارت کو خطرہ درپیش ہے،عمارت کو بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال 1400 بستروں پر مشتمل ہے لیکن فنڈز صرف 1000 بستروں کے حساب سے مل رہے ہیں جس کے باعث ہسپتال کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ہسپتال میں کارڈئیک سرجری شروع کرنے کے لئے مشین کی ضرورت ہے۔ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ٹرینی میڈیکل آفیسرز کو دیگر ہسپتالوں کے ٹی ایم اوز کی طرح کیٹیگری بی کا وظیفہ نہیں مل رہا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہسپتال کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلڈ واٹر کا مسئلہ حل کرنے، ایوب ٹیچنگ کے ٹی ایم اوز کو کیٹگری بی کا وظیفہ دینے اور ہسپتال کو 1400 بستروں کے حساب سے فنڈز کی فراہمی کے سلسلے میں کابینہ کی منظوری کے لئے فوری طور پر سمریاں ارسال کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ہسپتال میں کارڈئیک پروسیجرز شروع کرنے کے لئے مشین کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال علاقے کا سب سے بڑا تدریسی ہسپتال ہے اسے درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں طبی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات تجویز کریں۔ ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ہسپتال میں طبی سہولیات کو علاقے کی آبادی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے ہسپتال کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایوب میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے وزیراعلی کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز مشتاق جدون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوب میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ علاقے کے عوام کے لئے وزیر اعلیٰ کا بہت بڑا تحفہ ہے۔ <><><><><><><>