News Details

31/12/2023

نگرا ں وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس( ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نےاپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران نو قائم شدہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کا باضابطہ افتتاح کیا۔

ہزارہ ریجن میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے کیمپس میں اگلے مہینے سے باقاعدہ کلاسز کا اجراءکیا جائے گا۔ نگرا ں وزیراعلی خیبر پختونخوا جسٹس( ریٹائرڈ) سید ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز اپنے دورہ ایبٹ آباد کے دوران نو قائم شدہ کیمپس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر کیمپس میں شروع کی جانے والی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کیمپس میں میڈیکل ایجوکیشن کے مختلف شعبوں میں طلبہ کو تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی جن میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز، نرسنگ اور فارمیسی وغیرہ میں انڈر گریجویٹس ، پوسٹ گریجویٹس پروگرام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کیمپس میں میڈیکل گریجویٹس کو پبلک ہیلتھ ، ہیلتھ ریسرچ ،ایپڈ یمیالوجی اور بیسک میڈیکل سائنسز میں پوسٹ گریجویٹس ڈگری پروگرامز بھی کروائے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ کیمپس میڈیکل کے مختلف شعبوں میں پوسٹ گریجویٹس ڈگر ی کیلئے پورے ہزارہ ریجن کے طلبہ کی ضروریات کو پورا کرے گا اور طلبہ کو اپنے ہی علاقے میں یہ تعلیمی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ سائنسز ہزارہ کے قیام کو اور علاقے میں میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس کیمپس کے قیام سے علاقے کے میڈیکل گریجویٹس کو یہ تربیتی سہولت اُن کے گھر کی دہلیز پر دستیاب ہو ںگی اور اُنہیں اس مقصد کیلئے دیگر علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ میڈیکل کے شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ یہ یونیورسٹی اپنی سرگرمیاں مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی ۔ وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق ، کمشنر ہزارہ ڈویژن ظہیر السلام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور خیبر میڈیکل میڈیکل یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بعدازاں نگراں وزیراعلیٰ سے مانسہرہ بار ایسوسی ایشن، ایبٹ آباد بار ایسوسی ایشن اور ہری پور بار ایسوسی ایشن کے وفودنے بھی ملاقات کی اوراُنہیں اپنے اپنے علاقوں میں وکلاءکمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن سیدظہیرالاسلام، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال اور ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفود میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار بشارت و سیکرٹری کاشف علی جدون، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کے صدر محمد رفیق یوسف، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پور اسد سعید خان، ممبر کے پی بار کونسل الیاس خان، ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری تنویر احمددین اور نائب صدر خالد ربانی و دیگر شامل تھے وزیراعلی نے اس موقع پر ایبٹ آباد لائرز کمیونٹی کے دفاتر کے لیے جگہ فراہم کرنے سے اُصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ۔ وفد کی نشاندہی پر وزیراعلیٰ نے 2005 کے زلزلہ میں میرپور ہائی سکول کی تباہ شدہ عمارت کی دوبارہ تعمیر کے لیے مواصلات تعمیرات کے حکام کو تخمینہ لاگت تیار کرنے کی ہدایت کی۔وکلاءکے مطالبے پر وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے تحت 16 جنوری سے سول جج کے ہونے والے امتحانات کے انعقاد کیلئے سوات، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ ہزارہ کے لیے ایبٹ آباد میں امتحانی مراکز قائم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی تاکہ اّمیدوار اپنے اپنے علاقوں میں ہی ان امتحانات میں شریک ہو سکیں اور اُنہیں اس مقصد کیلئے دیگر علاقوں کا سفر نہ کرنا پڑے ۔ <><><><><><><>