News Details

12/01/2024

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت پالیسی بورڈ کا دوسرا اجلاس

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے پالیسی بورڈ نے اتھارٹی کے لئے مالی سال برائے 2023-24 کے لئے محاصل اور اخراجات جبکہ مالی سال 2022-23 کے نظر ثانی شدہ محصولات اور اخراجات کی منظوری دے دی ہے۔ کیپرا کے لئے رواں مالی سال کے لئے 42 ارب روپے محاصل اکھٹے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ منظوری جمعرات کے روز نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت پالیسی بورڈ کے دوسرے اجلاس میں دی گئی ہے۔ نگران صوبائی وزیر برائے خزانہ احمد رسول بنگش کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین، سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن سید فیاض علی شاہ، ڈائیریکٹر جنرل کیپرا عبیداللہ کاکا خیل اور دیگر بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ پالیسی بورڈ اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز فورم کی منظوری کے لئے پیش کئے گئے جن میں سے چند ایک کی منظوری دی گئی ہے۔ کیپرا ملازمین کے کیپرا الاو ¿نس میں اضافے اور کارکردگی کی بنیاد پر اعزازیہ دینے کی تجاویز پر غور و خوص کے بعد محکمہ خزانہ کو ان تجاویز کو باریک بینی سے دیکھ کر حتمی تجاویز بورڈ کی منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں گزشتہ پالیسی بورڈ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ اجلاس کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کیپرا حکام پر زور دیا کہ وہ صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے جانفشانی سے کام کریں اور اس سلسلے میں مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔ <><><><><><>