News Details

18/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ایبٹ آباد کے مسائل کے متعلق اجلاس منعقد ہوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر ایبٹ آبادکے ٹریفک مسائل سے متعلق اُمور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ نگران وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئر (ریٹائرڈ)سید مجتبیٰ ترمذی کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور خیبرپختونخوا اربنموبیلیٹی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو ایبٹ آباد کیلئے مجوزہ اربن موبیلیٹی پلان کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اربن ٹرانسپورٹ پیکج II کے تحت صوبے کے تین بڑے شہروں پشاور، ایبٹ آباد اور مینگورہ کیلئے سسٹین۔ایبل اربن موبیلیٹی پلانز ترتیب دینے کیلئے کنسلٹنسی جاری ہے جبکہ سسٹین۔ ایبل موبیلیٹی پلانز میں ان شہروں میں ٹریفک مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کی نشاندہی کی جائے گی ۔اجلاس کو پشاور کے طرز پر ایبٹ آباد میں بھی بی آر ٹی سروس کیلئے مختلف آپشنز پر بریفینگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اربن موبیلٹی اتھارٹی حکام کو ایبٹ آباد کا دورہ کرکے ٹریفک کیلئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہر کے زمینی حقائق ، معروضی حالات اور درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ٹریفک پلان کا ابتدائی خاکہ تیار کیا جائے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ پلان کو قابل عمل بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کیلئے کمشنر ہزارہ ڈویژن کی سربراہی میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا جلد اجلاس بلا کر پلان کو حتمی شکل دی جائے ۔ ایبٹ آباد شہر میں ٹریفک کا مسئلہ دن بدن گھمبیر ہوتا جارہا ہے اسے مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ شہر کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پلان ترتیب دینے کی ضرورت ہے جبکہ پلان کی تیاری میں اربن موبیلیٹی کے جدید تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ <><><><><><><>