News Details

22/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے بورڈ آف ریونیو سے صوبہ بھر میں گذشتہ دو مہینوں کے دوران ہونے والے زمینوں کے انتقالات اور لین دین کی تفصیلات طلب کی ہیں

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے بورڈ آف ریونیو سے صوبہ بھر میں گذشتہ دو مہینوں کے دوران ہونے والے زمینوں کے انتقالات اور لین دین کی تفصیلات طلب کی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ بورڈ آف ریونیو فوری طور پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں زمینوں کے انتقالات کی تفصیل فراہم کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کرے اور موصول ہونے والے یہ تمام ریکارڈز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمع کرائے جائیں تاکہ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں ان ریکارڈز کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل زمینوں کے انتقالات کرانے والے افراد سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے معلومات حاصل کرے گا کہ آیا انتقال کے عمل میں ان سے کوئی اضافی رقم تو نہیں لی گئی ہے۔ زمینوں کے انتقالات میں شہریوں کو بے جا تنگ کرنے یا ان سے زائد رقم وصول کرنے والے متعلقہ پٹوار عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کے اس اقدام کا مقصد زمینوں کے انتقالات میں مبینہ بدعنوانی کو روکنا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کو مختلف ذرائع سے صوبے کے بعض مقامات پر زمینوں کے انتقالات میں متعلقہ عملے کی طرف سے لوگوں کو بے جاتنگ کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں جن کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے زمینوں کے انتقالات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے شہریوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خود بھی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل میں اپنی شکایات درج کرائیں اور شکایات درست ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف نگران صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، شہریوں کو بے جا تنگ کرنے اور رشوت لینے والے سرکاری اہلکاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں، ایسے عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ <><><><><><>