News Details

23/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے سابق ایم این اے راجہ عامر زمان اور تحصیل چیئرمین خانپور راجہ ہارون سکندر کی قیادت میں تحصیل خانپورکے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور مکھنیال تحفظ موومنٹ کے اراکین پر مشتمل کثیر رکنی وفد نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے سابق ایم این اے راجہ عامر زمان اور تحصیل چیئرمین خانپور راجہ ہارون سکندر کی قیادت میں تحصیل خانپورکے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور مکھنیال تحفظ موومنٹ کے اراکین پر مشتمل ایک کثیر رکنی وفد نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔صوبائی وزراء بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اورانجنیئر احمد جان کے علاوہ چیف سیکریٹری ندیم اسلم چودھری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں مکھنیال تحفظ مومنٹ کے صدر چوہدری صغیر احمد، ذوالفقار عباس، چوہدری خلیل احمد، ملک امجد، محمد داؤد، محمد ریاض، مجیب الرحمن، یاسین عباسی، وقار صادق عباسی، محمد اسحاق اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو مکھنیال (چار پٹوار سرکلز) میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مکھنیال کے مذکورہ سرکلز کو گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے لیکر واپس تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹریشن خانپور کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد کے اراکین نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب سے یہ علاقے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کیے گئے،عوام کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے نے گزشتہ چار سالوں میں کسی قسم کا ترقیاتی کام نہیں کیا۔ جی ڈی اے نے سہولیات فراہم کرنے کے بجائے وہاں کے غریب عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔جی ڈی اے نے رہائشی علاقوں میں اپنے بائی لاز لاگو کر رکھے ہیں جس سے غریب عوام کو مزید تکالیف میں ڈال رکھا ہے، غریب عوام اس کے کسی صورت متحمل نہیں ہو سکتے۔ وفد کا مزید کہنا تھا کہ جی ڈی اے دراصل نتھیاگلی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لیے بنائی گئی ہے، اس کی حدود سے اتنی دور جا کر مکھنیال کے چار پٹوار سرکلز کو اس کے ماتحت کر دینا نا انصافی ہے اور اتھارٹی کے لیے بھی مشکلات کا باعث ہے۔ یہ فیصلہ کسی صورت بھی قابل عمل نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ چار سال گزر جانے کے باوجود کوئی بہتری نہیں آئی بلکہ مقامی لوگوں کے لیے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ لہذا مذکورہ علاقوں کو جی ڈی اے سے واپس لے کر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریٹریشن خانپور کے حوالے کیا جائے، یہی علاقے اور اس کے عوام کے لیے بہتر ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے وفد کے مسائل و تحفظات کو غور سے سنا اور کہا کہ حکومت اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کے پرزور مطالبے پر متعلقہ حکام کو مسئلے کے حل سے متعلق پیپر ورک مکمل کرکے قابل عمل تجاویز صوبائی کابینہ کے غور و خوص کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں مروجہ قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے معقول تجاویز پیش کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کے جائز مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ <><><><><><><>