News Details

27/01/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے یواین اوپس اور کوےیکا کے کنٹری ڈائریکٹرز کی ملاقات

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ جسٹس ریٹائر سید ارشاد حسین شاہ سے کوریا انٹر نیشنل کو آپریشن ایجنسی کوئیکا کے کنٹری ڈائریکٹر یو این جی ہو اور یونائیٹڈ نیشن آفس فار پراجیکٹ سروسز یو این اوپس کی پاکستان میں تعینات کنٹری منیجر جینیفر انکروم خان نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور یو این اوپی ایس کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ، وزیراعلیٰ کے ترجمان بریگیڈئیر (ر) سید مجتبیٰ ترمذی اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں ڈونر ایجنسیوں کے تعاون سے صوبے میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں خصوصا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے زیادہ سے زیادہ ثمرات عوام تک پہنچانے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مستقبل میں باہمی اشتراک کے امکانات خصوصاً ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور یو این او پس کے باہمی اشتراک سے خیبرپختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے، صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام اس اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا باالخصوص ضم شدہ اضلاع بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ عسکریت پسندی صرف صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک اور عالمی برادی کا بھی مسئلہ ہے، خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، اس جنگ میں معیشت اور امن و امان سمیت زندگی کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، صوبائی حکومت مشکل صورتحال کے باوجود ضم اضلاع کی ترقی کے لئے خصوصی کوششیں کر رہی ہے جبکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو عالمی ڈونر ایجنسیوں اور ترقیاتی اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ عسکریت پسندی کے تدارک کا بہترین اورموثر طریقہ اقتصادی ترقی اور معاشی خوشحالی ہے۔ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے ہیومن ریسورس ایکسپورٹ اسٹریٹیجی ترتیب دی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریا ت کے مطابق کریش کورسز کروائے جائیں گے تاکہ انہیں روزگار کے قابل بنایاجاسکے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں جبکہ نوجوانوں کے ان صلاحیتوں کے مثبت استعمال کیلئے انہیں مارکیٹ ڈیمانڈ ز کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ڈونر ایجنسیوں کا تعاون درکار ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم بیرونی ممالک کو بھی ان کی ڈیمانڈ کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت مہیا کر سکتے ہیں۔