News Details

0000-00-00

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا عام انتخابات 2024 کے حوالے سے پیغام

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے صوبے کے عوام خصوصاً سیاسی جماعتوں کے کارکنان پر زور دیا ہے کہ وہ آج عام انتخابات کے دن پر امن ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں، انتظامیہ، انتخابی عملے ، پولیس اور دیگر سکیورٹی عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ یہ اہم سیاسی و جمہوری عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو۔ عام انتخابات کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ انتخابات اہم سیاسی اور جمہوری عمل ہے جس میں تمام شہریوں کو بھر پور شرکت کرنی چاہیے اور حکومت نے تمام شہریوں کی اس انتخابی عمل میں شرکت کو سہل بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں لہٰذا عوام اور سیاسی کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی عمل کے اختتام تک پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پر امن فضا کو برقرار رکھنے کے لئے صبر و تحمل، برداشت اور سیاسی رواداری کا مظاہرہ کرکے ذمہ دار شہری ہونے کے ثبوت دیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانا حکومت کی سب سے اہم ترجیح ہے جس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ تمام شہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے پر امن ماحول فراہم ہو، اس سلسلے میں عوام اور سیاسی کارکنان کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا شہری خصوصاً سیاسی جماعتوں کے کارکنان انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ انتخابات کا سارا عمل خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچے۔ <><><><><><><>