News Details

14/02/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے برقمبر خیل کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے منگل کے روز ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے برقمبر خیل کے ایک وفد نے وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ ان مسائل میں صحت، تعلیم ، بجلی ، پینے کا پانی ، مواصلات ، معدنیات، نادرا اور دیگر شعبوں سے متعلق مسائل شامل تھے۔ نگران صوبائی وزیر برائے قبائلی امور ڈاکٹر عامر عبداللہ اور وزیراعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو مسائل سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ خواتین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر برقمبر خیل میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر قائم کیا جائے جبکہ علاقے میں موجود بیسک ہیلتھ یونٹ کو رورل ہیلتھ سنٹر کا درجہ دیا جائے اور ہسپتال میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔وفد نے برقمبر خیل میں دو کلومیٹر خستہ حال سڑک کی مرمت اور علاقے میں موجود گرلز پرائمری سکول اور بوائز ہائی سکول کو اپگریڈ کرنے کی بھی درخواست کی۔ وفد نے تنگی خوڑ سے علاقے کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے سولر سسٹم کی تنصیب کی درخواست بھی کی۔ وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے وفد کے مطالبے پر برقمبر خیل میں مذکورہ بالا سکولوں کو اپگریڈ کرنے اور سڑک کی کارپٹنگ کا اعلان کیا اورکہاکہ ا ہل علاقہ کے صوبائی محکموں سے جڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت ضم شدہ اضلاع کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے تاکہ ضم اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت دینے کیلئے خصوصی پروگرام کا اجراءکیا گیا ہے جس میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ انہیں مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ دے کر روزگار کے قابل بنایا جائے۔