News Details

16/02/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا دورہ ڈی آئی خان کمشنر ڈی آئی خان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت

اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے گزشتہ روز اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران کمشنر ڈی آئی خان کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی آئی خان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً ضم شدہ قبائلی اضلاع اور پسماندہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، امن و امان کی صورتحال، نگران صوبائی حکومت کے خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈویژنل انتظامیہ ڈی آئی خان کی جانب سے اجلاس کو مذکورہ معاملات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نگران صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات انجینئر احمد جان، وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے انچارج جمیل سواتی، کمشنر ڈی آئی خان ظفر الاسلام، ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی خان ناصر محمود ستی، ڈپٹی کمشنر ڈی ائی خان منصور ارشد خٹک کے علاوہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ ڈی آئی خان کے دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈی آئی خان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام اور تیز رفتار عملدرآمد پروگرام کے تحت ڈی آئی خان ڈویژن کے تینوں اضلاع بشمول ڈی آئی خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں کل 496 منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جن میں ڈی آئی خان کے 136، ٹانک کے 145 جبکہ جنوبی وزیرستان کے 215 منصوبے شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی فلاح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کمشنر ڈی آئی خان کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ان منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچ سکیں۔ تکمیل کے قریب ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے درکار فنڈز کے بروقت اجراءکا معاملہ محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے ساتھ اٹھایا جائے۔ ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے حالیہ عام انتخابات کے دوران ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال اور امن و امان کو یقینی بنانے کےلئے اقدامات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ آر پی او نے اس مہینے کی 17 تاریخ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 کے چھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے پر امن انعقاد کےلئے سکیورٹی پلان کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے آر پی او کو اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں بر وقت مکمل کرنے اور اس مقصد کےلئے پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی روابط یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ <><><><><><><>