News Details

18/02/2024

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے درگئی ملاکنڈ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس انسپکٹر وکیل خان کے بھائی اور بیٹوں نے وزیر اعلی ہاوس پشاور میں ملاقات کی

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ سے گزشتہ روز درگئی ملاکنڈ میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس انسپکٹر وکیل خان کے بھائی اور بیٹوں نے وزیر اعلی ہاو ¿س پشاور میں ملاقات کی۔ وکیل خان کے ساتھ شہید ہونے والے محکمہ تعلیم کے اہلکار نصیب خان کا بیٹا بھی نگران وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات میں موجود تھا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے وکیل خان اور نصیب خان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ نے سوگواران کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور پولیس کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے انسپکٹر وکیل خان بحیثیت ایڈیشنل چیف سکیورٹی آفیسر وزیر اعلیٰ ہاوس میں تعینات تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ وکیل خان ایک فرض شناس اور ایماندار آفیسر تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنے فرائض بطریق احسن سر انجام دیئے۔ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، انہیں ہر صورت گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے پسماندگان کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ شہید وکیل خان کے اہل خانہ کو پولیس کے مروجہ قوانین کے مطابق امداد کی فراہمی اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ <><><><><><><><>