News Details

23/02/2024

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا الوداعی اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا الوداعی اجلاس جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ نگران کابینہ اراکین کے علاوہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے آغاز میں سابق نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نگران وزیر اعلی جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر سب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عام انتخابات کے لئے پرامن ماحول یقینی بنانے پر سول انتظامیہ،پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ اس اہم آئینی ذمہ داری کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزارہیں۔سید ارشد حسین شاہ نے نگران حکومت کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ جب اُنہوںنے حکومت سنبھالی تو صوبے کو معاشی بحران اور امن و امان کے دو اہم چیلنجز کا سامنا تھا،ہم بہترین ٹیم ورک کے ذریعے ان چیلنجز سے نمٹنے میں کافی حد تک کامیاب رہے،جب ہم نے چارچ سنبھالا تو تنخواہوں کی ادائیگی تک کے لئے پیسے نہیں تھے، صوبائی حکومت نے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ وفاق کے ذمے صوبے کے بقایا جات کے حصول کے لئے بھر پور آواز اٹھائی اور قلیل مدت میں وفاق سے 64 ارب روپے کی اضافی رقم وصول کی گئی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ اس وقت صوبائی خزانے میں تقریبا سو ارب روپے چھوڑ کر جارہے ہیں۔نگران حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے مشکل صورتحال کے باوجود پولیس کو مالی وسائل کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی اور ضم اضلاع کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس تمام تر صورتحال میں کابینہ اراکین،پولیس، بیوروکریسی،میڈیا اور عوام نے بھر پور تعاون کیا۔اُنہوںنے کہاکہ مختصر مدت میں خوشحال خیبر پختونخوا پروگرام کا اجرا کیا گیا جو صوبے کی پائیدار ترقی اور عوامی خدمت کا پروگرام ہے،یہ پروگرام آنے والی حکومت کے لئے بھی روڈ میپ کا کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے مذکورہ پروگرام کو ترتیب دینے اور اس پر عملدرآمد شروع کرنے پر کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری،متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کیا۔اُنہوںنے نگران صوبائی حکومت کے لئے رضاکارانہ خدمات کی فراہمی پر جمیل سواتی، ڈاکٹر اختر حسین شاہ، اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ مجتبیٰ ترمذی کا خصوصی شکریہ اداکیا اور کہاکہ حکومتی اُمور خصوصا ًخوشحال پختونخواہ پروگرام کے سلسلے میں ان حضرات کا کردار لائق تحسین ہے۔سید ارشد حسین شاہ نے نوجوانوں کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ نگران صوبائی حکومت کی ہیومن ریسورس ایکسپورٹ اسٹریٹجی کے تحت اگلے سال تک پانچ لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا،اس مقصد کے لئے متعدد ملکی اور غیر ملکی اداروں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت میں اضافے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ میڈیکل کالجوں کی سیٹوں میں تین ہزار سیٹوں کا اضافہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیاہے۔ اسی طرح نرسنگ کی سیٹوں میں بھی اضافے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اُنہوںنے کہا کہ صوبے میں کوانٹم کمپیوٹنگ کا اجراءبھی نگران حکومت کا اہم اقدام ہے ۔ علاوہ ازیں صوبے کے نوجوانوں کے لئے 20 ہزار گوگل سکالرشپس حاصل کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خوشحال خیبر پختونخوا پروگرام کے تحت گڈ گورننس کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، نگران صوبائی حکومت کی کفایت شعاری مہم، تجاوزات اور منشیات کے خلاف آپریشن اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں۔ اُنہوںنے اس موقع پر آنے والی صوبائی حکومت کو پیشگی مبارکبادبھی پیش کی اور اس کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ <><><><><>