News Details

08/03/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینے کے سلسلے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے تیار کردہ لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو اشیائے خوردونوش کے پرائس کنٹرول میکنیزم سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آج سے تمام اضلاع کی انتظامیہ صوبائی حکومت کے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد یقینی بنائے گی جبکہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اضلاع کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ قیمتوں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لئے تمام منڈیوں اور بازاروں میں مانیٹرنگ ڈیسک قائم کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی تاکہ عوام کو سرکاری نرخ نامے پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو رمضان کے مہینے میںعوام کو بھرپور ریلیف دینے کے لیے خیبر پختونخوا میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دوسرے صوبوں سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ماہ مقدس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو رکھنے کے لیے متحرک رہے اور افسران کی فیلڈ میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی چیز سرکاری نرخ نامے سے زائد میں فروخت نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ جن اضلاع میں سرکاری سبزی منڈیاں موجود نہیں وہاں پر فی الفور منڈیاں قائم کی جائیں تاکہ عوام کو سہولت کے ساتھ ساتھ اشیاءکی پرائس فکسیشن بھی مقامی سطح پر دستیاب ہو۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں کوئی مخصوص سستا بازار نہیں ہوگا بلکہ ہر بازار کو سستا بازار بنایا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ تمام دکانوں کے باہر سرکاری نرخنامے کاغذ کی بجائے پینافلیکس پر آویزاں کئے جائیں اور ان نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو مزید ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا موثر استعمال یقینی بنائیں اور عوامی سہولت کے لیے نرخ نامے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں اپنے سوشل میڈیا پیجز پر اپلوڈ کریں تاکہ عوام کو آگہی حاصل رہے۔ وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز عوام سے براہ راست شکایات لینے کے لئے واٹس ایپ نمبرز فراہم کریںتاہم شہری شکایات کریں یا نہ کریں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے، ہمیں صرف تشہیر نہیں بلکہ عوام کا اطمینان چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں رمضان دسترخوان کا اہتمام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان دسترخوان میں مخیر حضرات کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ رمضان میں ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھی جائے،ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے تدارک کے لئے اسپیشل برانچ کی خدمات حاصل کی جائیں۔ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث بڑے مگر مچھوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے اورذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کی تصاویر شائع کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس موجودہ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سر فہرست ہے، گڈ گورننس سے متعلق حکومتی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔گڈ گورننس کے حوالے سے عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے عوام کے ساتھ قریبی روابط قائم کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ایک ناسور بن چکی ہے، کرپشن کے خلاف موجودہ صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں کرپشن کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈپٹی کمشنر کوالٹی کو یقینی بنائیں۔علی امین گنڈاپور نے ڈپٹی کمشنرز کواپنے اپنے اضلاع میں صفائی اور ستھرائی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس حکومت کے آنے سے عوام کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے،ضلعی انتظامیہ ہماری ٹیم ہے انہیں بھر پور سپورٹ دی جائے گی، کسی بھی غلط کام کے لئے کوئی بھی انتظامیہ پر دباو نہیں ڈال سکتا۔انتظامیہ پبلک سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات کے مطابق بہتر بنائے، ہمیں عوام کا اطمینان چاہیے، ہم ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ہم نے عوام کو ڈیلیور کرنا ہے۔ <><><><><>