News Details

13/03/2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت بورڈ اف ریونیو کا اجلاس خواتین کیلئے وراثت میں حقوق کے قوانین پر زور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے متعلقہ حکام کو وراثت میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کےلئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کرنے جبکہ صوبے میں جاری لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے فیز۔I کو جون 2024 جبکہ فیز ۔IIکو دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لینڈریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل ہونے سے پہلے اضلاع کی سطح پر درکار ضروری عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔وہ گزشتہ روز بورڈ آف ریونیو کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے ریونیو نذیر عباسی کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے بورڈ آف ریونیو کے انتظامی معاملات ، اصلاحات، بورڈ آف ریونیو کے تحت اکھٹے کئے جانے والے ٹیکسز ، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امورپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کےلئے بورڈ آف ریونیو میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، اس مقصد کےلئے ریونیو کے لیگل فریم ورک میں ضروری ترامیم پر کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ ترامیم جلد از جلد متعلقہ فورمز کی منظوری کیلئے پیش کی جائیں جبکہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے سٹامپ کو ای سٹامپ پر منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے صوبے میں خانہ کاشت کے مسائل کو سنجیدہ نوعیت کا قرار دیتے ہوئے ان کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ <><><><><><><>><<>