News Details

14/03/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر حقیقت پسندانہ ترقیاتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور متعلقہ حکام کو عوامی فلاح و ترقی کے حامل جاری ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر حقیقت پسندانہ ترقیاتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور متعلقہ حکام کو عوامی فلاح و ترقی کے حامل جاری ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ ان منصوبوںکی مقررہ ٹائم لائن کے اندر تکمیل یقینی بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ وہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ترقیاتی حکمت عملی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی ، مختلف شعبوں میں جاری اہم ترقیاتی سکیموں اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈ اپور نے اس موقع پر واضح کیا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی ترجیح ہو گی ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے تمام ترقیاتی منصوبے جن پر 80 فیصد عملی پیشرفت ہو چکی ہے، اُنہیں پہلی فرصت میں مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔مزید برآں اُنہوںنے سیاحت، توانائی، لائیو سٹاک اور دیگر پیداواری شعبوں میں جاری منصوبوں کی تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ شعبے نہ صرف روزگار کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ حکومت کو درپیش مالی مسائل کے حل میں بھی معاون ثابت ہو ں گے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کو موجودہ معاشی بحران سے باہر نکالنا، غربت کی کمی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی حکومت کے بنیادی اہداف ہیں جن کی تکمیل کیلئے پیداواری شعبوں پر بھر پور توجہ دینا ہو گی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ترقیاتی پورٹ فولیو میں شامل نان اے ڈی پی منصوبے باضابطہ منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ <><><><><><>