News Details

31/03/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے حالیہ بارشوں سے ضلع بنوں، باجوڑ اور شانگلہ سمیت دیگر اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے حالیہ بارشوں سے ضلع بنوں، باجوڑ اور شانگلہ سمیت دیگر اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں محکمہ ریلیف کو ضروری کاروائی عمل میں لانے جبکہ تمام اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ان حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری ریلیف جبکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور مزید کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے ضروری تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔ <><><><><><><>