News Details

13/04/2024

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کے عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کے عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کی ہے۔ وزیراعلی نے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سرکاری حکام، حکومتی عہدیداروں اور منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے یہ عمل حکومتی اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے اور ایسا کرنے سے پیکیج حاصل کرنے والے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایک شفاف طریقے سے ساڑھے آٹھ لاکھ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکیج دیا اورمستحق خاندانوں کی عزت نفس کے پیش نظر رمضان پیکج بنک اکاونٹس کے ذریعے تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس شہدا کے ورثاءسمیت ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو عید پیکیج بھی دیاگیا، پارٹی اور حکومت کی پالیسی تھی کہ عید پیکیج تقسیم کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے سے اجتناب کیا جائے اور یہی وجہ ہے کہ بحثیت وزیر اعلی میں نے عید پیکیج تقسیم کرنے کی کسی تقریب میں شرکت کی اور نہ ہی پیکیج تقسیم کیا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور پارٹی کی واضح پالیسی کے باوجود چند حکومتی عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کی مستحقین میں عید پیکیج کی تقسیم کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز عام ہوئیں جس پر ان متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف محض تشہیر کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے اورآئیندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ امداد یا پیکیج تقسیم کے نام پر کسی کی بھی عزت نفس کو مجروح نہ ہونے دیا جائے۔ َِ<><><><><><>