News Details

17/09/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کو اپنی حکومت کے اقدامات کا حتمی مقصد قرار دیا ہے

اور کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے پسماندہ اضلاع کو ترقی یافتہ اضلاع کے برابر ترقی دینے کیلئے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ عملی اور نتیجہ خیز اقدامات بھی اُٹھارہی ہے ۔ موجودہ حکومت تحریک انصاف کی حکومت ہے جس میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی بھی ضلع اور علاقے کے ساتھ کو ئی ناانصافی نہیں ہو گی ۔ پشاور۔ڈی آئی خان موٹروے منصوبہ ، کوہاٹ سمیت تمام جنوبی اضلاع کیلئے موجودہ حکومت کا بہت بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایکنک سے اس اہم منصوبے کی باقاعدہ منظوری ہو چکی ہے ، اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی اضلاع میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور وہاں کی پسماندگی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعہ کے روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عمائدین کوہاٹ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے کوہاٹ سے ممبر صوبائی اسمبلی ضیاءاﷲبنگش کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور علاقے میں ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کوہاٹ کنٹونمنٹ بورڈ کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد اُمیدوار سفیان رحمان نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ سفیان رحمان نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں اور موجودہ صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی منشور کی تکمیل کیلئے اپنی بھر پور کوششوں کا یقین دلایا ۔ سفیان رحمان کی پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اُنہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوہاٹ کنٹونمنٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی بہت اچھی رہی اور اُمید ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات اور 2023 کے عام انتخابات میں کوہاٹ میں پارٹی کی کارکردگی مزید بہتر ہوجائے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنان جو ق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ وفد کے ارکان نے کوہاٹ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُنہیں کوہاٹ کے دورے کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ عنقریب کوہاٹ کا دورہ کرکے وہاں کے عوام کو درپیش مسائل براہ راست سنیں گے اور اُن کے فوری حل کیلئے اقدامات اُٹھائیں گے