News Details

14/02/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے ایک اہم اقدام کے طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امداد کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو اس سلسلے میں ایکشن پلان ترتیب دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے ایک اہم اقدام کے طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امداد کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو اس سلسلے میں ایکشن پلان ترتیب دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو درکار اشیائے ضروریہ کے بارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ وفاقی اداروں سے معلومات حاصل کی جائیں تاکہ زلزلہ زدگان کی ضروریات کے مطابق انہیں اشیائے ضروریہ بھجوانے کے لئے انتظامات کئے جاسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے سلسلے میں وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سرکاری ملازمین، تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے عطیات جمع کرنے کے لئے رابطے کئے جائیں۔ اس سلسلے میں جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام آزمائش کی اس گھڑی میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات، نجی تنظیموں ، سرکاری ملازمین اور دیگر تمام طبقوں سے زلزلہ زدگان کے لئے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثناءاپتھمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان، خیبر پختونخوا نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ وزیر اعلیٰ کے حوالے کیا۔