News Details

02/03/2023

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ملک بھر میں ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں بھی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا باضابطہ اجراءکر دیا ہے

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ملک بھر میں ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں بھی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا باضابطہ اجراءکر دیا ہے۔اس سلسلے میں بدھ کے روز وزیراعلی ہاوس پشاور میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ادارہ شماریات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان نے وزیر اعلیٰ ہاوس کے گیٹ پر نمبر درج کرکے خانہ شماری کے عمل کا اجراءکیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ترقی کے سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کے لیے مردم و خانہ شماری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔مردم شماری سے حاصل شدہ اعدادوشمار کی بنیاد پر ہی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی فلاح و بہبود کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مردم شماری صرف لوگوں کی گنتی کا عمل ہی نہیں بلکہ یہ آبادی میں اضافے کی شرح اور دیہی و شہری آبادی کی تقسیم کے علاوہ اہم سماجی و معاشی عوامل کی نشاندہی کرتی ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس دفعہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہو رہی ہے جس میں قلم اور کاغذ کے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیاجارہا ہے اور شہریوں کو اپنی رجسٹریشن خود کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ محمد اعظم خان نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں اپنے اور اپنے گھر والوں کے کوائف کا درست اندراج ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے عمل میں مردم شماری ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے گھر والوں کے کوائف کا درست اندراج یقینی بنا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔