News Details

03/02/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تیراہ، کرم اور باجوڑ کے متاثرین کو معاوضوں اور امدادی رقوم کی ادائیگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تیراہ، کرم اور باجوڑ کے متاثرین کو معاوضوں اور امدادی رقوم کی ادائیگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی اقدامات، فنڈز کے استعمال اور ادائیگی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تیراہ کے متاثرین کو امدادی رقوم کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنانے کے لیے ویری فیکیشن کا عمل ہر صورت ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کو دی جانے والی ادائیگیوں کا مکمل اور شفاف ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ ہر ایک پائی کا باقاعدہ حساب موجود ہو۔ وزیر اعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ متاثرین کی معاونت کے لیے جاری فنڈز کے استعمال میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی اور معاونت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاق کے ذمے متاثرین کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے باضابطہ خطوط تحریر کیے جائیں تاکہ واجب الادا رقوم کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ نے قدرتی آفات اور سیکیورٹی آپریشنز سے متاثرہ افراد کی مستقل بنیادوں پر بحالی اور معاونت کے لیے ایک خصوصی فنڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرین کی معاونت کے لیے مختص چار ارب روپے میں سے اب تک 90 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، جبکہ وادی تیراہ کے 17 ہزار متاثرہ گھرانوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر تیراہ کے ایک ہزار گھرانوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کیا جا رہا ہے تاکہ ادائیگیوں کی نگرانی مو ¿ثر انداز میں کی جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بکاخیل کیمپ میں مقیم متاثرین کو ماہانہ بنیادوں پر امدادی رقوم فراہم کی جا رہی ہیں۔اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین عاقب اللہ اور مزمل اسلم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور وزیر اعلیٰ کو جاری اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔