News Details
24/02/2026
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے فیکلٹی آف پیرا میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے کثیر المنزلہ کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے فیکلٹی آف پیرا میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے کثیر المنزلہ کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ منصوبہ حیات آباد فیز فائیو میں چھ کنال اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی تخمینہ لاگت 2.9 ارب روپے ہے۔ سات منزلوں اور دو بیسمنٹس پر مشتمل یہ کثیر المقاصد کمپلیکس ادارہ جاتی استحکام اور طویل مدتی مالی خود پائیداری کے پیش نظر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے بلکہ ادارے کے لیے پائیدار آمدن کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ منصوبہ بیرونی فنڈنگ پر انحصار کے بغیر پائیدار آمدن کا ذریعہ بنے گا اور تعلیمی سرگرمیوں کی موثر معاونت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کا عمران خان کے وژن کے مطابق خود پائیداری کی جانب پیش قدمی کرنا خوش آئند امر ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیکلٹی کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت منصوبے کے آغاز کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں اور شعبہ جات کو بھی اسی طرز پر خود پائیداری کی راہ اپنانا ہوگی۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس موقع پر واضح کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح انسانوں پر سرمایہ کاری ہے اور صحت، تعلیم اور سماجی شعبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے منصوبے کے اہم فیچرز سے متعلق بریفینگ دیتے ہوئے کہاکہ مجوزہ کمپلیکس میں ایڈمنسٹریشن بلاک، ڈین آفس، شعبہ جات کے سربراہان کے دفاتر، ہیومن ریسورس، فنانس، تعلیمی امور اور دیگر متعلقہ سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ مزید برآں صحت کے اداروں، تشخیصی لیبارٹریز، این جی اوز، بینکس، طبی سپلائرز اور تربیتی اداروں کے لیے چھ رینٹل فلورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ ادارے کے لیے مستقل مالی وسائل میسر آسکیں۔ منصوبے میں جدید آڈیو ویژول سہولیات سے آراستہ سیمینار ہال بھی شامل ہے جو تعلیمی کانفرنسوں، طبی ورکشاپس اور پیشہ ورانہ تقریبات کے انعقاد کے ساتھ ساتھ بیرونی بکنگ کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔کمپلیکس میں لفٹس، وسیع پارکنگ، کیفے ٹیریا، بجلی کا بیک اپ، محفوظ رسائی کا نظام اور دیگر جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو اسے ایک ہمہ جہت اور جدید طرز کا ادارہ جاتی مرکز بنائیں گی۔حکام کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ایک مالی طور پر خود کفیل، جدید انتظامی و تجارتی سہولت کی تعمیر کی جانب ایک انقلابی قدم ہے جو علمی معیار کو مالی ذمہ داری کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے۔ اپنے اہم محلِ وقوع اور مضبوط کرایہ جاتی طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، فیکلٹی ایک ایسا پائیدار ادارہ جاتی اثاثہ قائم کرنے کی پوزیشن میں ہے جو طلبہ، صحت کے پیشہ ور افراد اور وسیع تر کمیونٹی کی آنے والی دہائیوں تک خدمت کرے گا۔